Search This Blog

Translate

Today visitors

Sunday, September 16, 2018

HARMFUL EFFECT OF SKIN WHITENING CREAMSرنگ گورا کرنے والی کریموں کے نقصانات


ہمارے ہاں گورا رنگ خوبصورتی کی علامت سمجھا جاتا ہے اور اس کے حصول کی کوششوں 
میں لوگ ایسی ایسی حرکتیں کر بیٹھتے ہیں جس سے نہ صرف ان کی جلد

 غیر صحت مند ہو جاتی ہے بلکہ بعض اوقات وہ اپنی جلد کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا بیٹھتے ہیں۔
انسانی جلد کے رنگ کا انحصار جلد میں پائے جانے والے مادے میلانن پر ہوتا ہے۔ یہ جلد میں موجود ان خلیوں میں ہوتا ہے جنہیں ملانو سائٹس کہا جاتا ہے۔انسانی جلد کے مختلف رنگ میلانن کی مقدار میں کمی یا اضافے کی وجہ سے ہوتے ہیں۔ جلد کے رنگ پر مختلف ماحول اور جغرافیائی عوامل اثر انداز ہوتے ہیں۔اگر آپ جلد کی کسی بیماری کا شکار ہیں یا آپ کی جلد کے خلیوں میں کوئی ایسی خرابی پیداہو گئی ہے جس سےآپ کی رنگت متاثر ہو رہی ہے تو اس کا علاج کرانا بہرحال ضروری ہے۔لیکن اپنی صاف اور صحت مند جلد کو صرف گورے رنگ کی خاطر مختلف کریموں اور کیمیکلز کا تختہ مشق بنانا خطرات سے کھیلنے کے مترادف ہے۔
رنگ گورا کرنے والی کریموں کے بہت سے نقصانات ہیں جو معمولی سے سنگین نوعیت کے ہو سکتے ہیں۔ان کے بارے میں مکمل معلومات لینے سے آپ اپنی جلد کے حوالے سے بہتر فیصلے کر سکتے ہیں۔

جلن اور چبھن

جلد پر جلن اور چبھن رنگ گورا کرنے والی کریموں کا سب سے عام نقصان ہے جو کہ عموماً ایسی مصنوعات کے استعمال کے فوراً بعد دیکھا جاتا ہے۔ یہ صورتحال تب بھی پیش آسکتی ہے جب ان مصنوعات کو لگا کر دھوپ میں نکلا جائے۔دراصل ان کریموں میں شامل کیمیائی اجزأ سے جلد کی حساسیت بڑھ جاتی ہے۔ اگر کسی کریم کے استعمال سے آپ جلد پر جلن اور چبھن محسوس کریں تو اسے اتار کر فوراً ٹھنڈے پانی سے منہ دھو لیں۔
الرجی
یہ بھی ممکن ہے کہ آپ ان کریموں میں شامل اجزأ سے الرجی کا شکار ہوں جس کا نتیجہ خارش، جلد کی سرخی، جلن اور جلد کے تعدیے کی صورت میں نکل سکتا ہے۔ کوئی بھی کریم استعمال کرنے سے پہلے اس کے اجزائے ترکیبی ضرور پڑھ لیں تا کہ آپ الرجی کا باعث بننے والے کیمیائی اجزأ سے بچ سکیں۔
خشکی
جلد پر لگائی جانے والی کریموں کا انتخاب ہمیشہ اپنی جلد کی مناسبت سے کریں۔ ایسی مصنوعات خریدنے سے پہلے اپنی جلد کا جائزہ لیں تا کہ آپ اپنی ضروریات کے مطابق بنی ہوئی مصنوعات کا انتخاب کر سکیں۔ ایسا نہ کرنے کی صورت میں جلد پر خشکی ہو سکتی ہے ۔
ایکنی
جلد پر استعمال کی جانے والی مصنوعات کے غلط انتخاب کا ایک اور نتیجہ ایکنی کی صورت میں سامنے آسکتا ہے۔ یہ اس صورت میں ہو سکتا ہے جب آپ اپنی جلد پر ضرورت سے زیادہ چکنی مصنوعات استعمال کرتے ہیں۔اس وجہ سے جلد کے مسام بند ہو جاتے ہیں اور ایکنی کی شکایت ہونے لگتی ہے جس سے جلد پر نشانات بھی
پڑ سکتے ہیں۔
سورج کی روشنی سے حساسیت
رنگ گورا کرنے والی مصنوعات کا مستقل اور تادیر استعمال آپ کو سورج کی روشنی سے حساس کر سکتا ہے جس سے آپ سن برن، چھالوں اور جھائیوں کا شکار ہو سکتے ہیں۔
جلد کا سرطان
غیر معیاری رنگ گورا کرنے والی کریموں کا مستقل استعمال جلد کے سرطان کا باعث بن سکتا ہے۔ان کریموں کے وقتی استعمال سے چہرہ تروتازہ لگنے لگتا ہے لیکن یہ اتنی دیر کے لیے ہوتا ہے جب تک کریم لگی رہے۔ مہنگی کریمیں بھی مکمل طور پر محفوظ نہیں ہوتی۔ خاص طور پر مرکری اور ہائیڈروکینون والی مصنوعات کو احتیاط اور ماہر امراض جلد کی زیر نگرانی استعمال کرنا ضروری ہے۔
اس سلسلے میں یہ جاننا بہرحال ضروری ہے کہ ہر ایک انسان کی جلد مختلف ہوتی ہے اور جو چیز کسی ایک کے لیے فائدہ مند ہو وہ دوسرے کے لیے نامناسب ہو سکتی ہے


No comments:

Post a Comment